*22 جنوری کو ہوگا فروغ اردو کانفرنس و مشاعرہ جشن جمہوریت*
*22 جنوری کو ہوگا فروغ اردو کانفرنس و مشاعرہ جشن جمہوریت*
سمستی پور (زکی احمد)
آل انڈیا اردو موومنٹ کی جانب سے شہر کےملچند روڈ ایچ ایم سلیم خان کمپلیکس میں محفل شعر وسخن کے عنوان سے ڈاکٹر بسمل عارفی کی صدارت میں پروگرام کا انعقاد گیا۔ اس موقع پر ایک مشاورتی میٹنگ بھی منعقد کی گئی تھی۔ جس میں ضلع کے شاعر و ادیب، صحافی، سماجی کارکن اور اردو زبان کے بہی خواہ افراد شامل ہوئے۔ میٹنگ میں عام رائے سے طے پایا کہ 22 جنوری 2023 کو شہر کے معروف تعلیمی ادارہ ملت اکیڈمی میں ’ فروغ اردو کانفرنس و مشاعرہ جشن جمہوریت ‘ کا انعقاد کیاجائے گا۔ اس کانفرنس میں سمستی پور ضلع سمیت سرحدی اضلاع کے شاعر و ادیب بھی شامل ہوں گے اور اردو کے فروغ کے لئے زمینی سطح کر کیا کیا جائے اس پر اظہار خیال کریں گے۔ اس موقع پر ” شعرائے سمستی پور ” جلد دوئم جس میں سمستی پور ضلع کے 16 شعراء کا کلام شامل ہے، اس کا اجراء بھی عمل میں آئےگا۔ شرکاء نے کہا کہ اس کانفرنس میں سمستی پور ضلع کے ہر بلاک سے نمائندگی ہو ، اس کی ہمیں کوشش کرنی ہے تاکہ یہ ایک تاریخ ساز کانفرنس ہوسکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سماجی کارکن و جے ڈی یو یوتھ ضلع نائب صدر عادل رحمن خان نےکہا کہ اس کانفرنس کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے میں بذات خود آل انڈیا اردو موومنٹ کے قومی کنوینر ڈاکٹر بسمل عارفی کے ساتھ ہر بلاک کا دورہ کروں گا اور لوگوں کو اس پروگرام میں آنے کی دعوت دوں گا تاکہ یہ پروگرام نہ صرف کامیابی سے ہمکنار ہو بلکہ اس پروگرام سے سمستی پور ضلع سمیت پورے بہار کو ایک مثبت پیغام دیا جا سکے۔ آ گے مسٹر خان نے کہا کہ مجا ہد آزادی و محبان اردو میرے دادا مرحوم حافظ محمد سلیم خان اپنے وقت میں اردو کے فروغ کے لئے کام کرتے رہےہیں۔ ان کا انتقال دسمبر 2001 میں ہوا ۔ اس مناسبت سے میں ہر سال دسمبر میں ان کی یاد میں ایک مشاعرہ کا انعقاد کروں گا۔ جس کی شروعات آج کےمحفل شعر سخن سے کر دی گئی ہے۔ اس موقع پر منعقد مشاعرہ کے منتخب اشعار مندرجہ ذیل ہیں۔ کام لینے لگے تکلف سے وہ جو کہتے تھے سب تمہارا ہے ڈاکٹر بسمل عارفی ہاتھ پھیلاکے ہوئے اپنے کفن سے باہر پوری دنیا کا شہنشاہ سکندر آیا مقیم دانش نصف ایمان اپنا پاکی ہے خود کو ہر وقت باوضو رکھیے قمرسمستی پوری کتنی مصیبتوں سے چلاتا ہے اپنا گھر مسجد کے تم امام جو ہوتے تو جانتے نقی سمستی پوری اب بزرگوں کا احترام نہیں یہ برے وقت کی نشانی ہے آصف وکیل اس کے علاوہ ابرار احمد، وسیم اکرم، جاوید سمستی پوری، قاسم صبا، ایوب انصار، نور الاسلام خان، مفتی شاہد رضا وغیرہ نے بھی سامعین کو اپنے کلام سے محظوظ کیا۔ اس محفل کی صدارت ڈاکٹر بسمل عارفی نے اور نظامت مقیم دانش نے انجام دیا۔ اس موقع پر بطور مہمان گرامی محمد ضیاء الرحمن ہیرا، روح اللہ خان، شاہد مکھیا، انوار الحق شمسی اور مولانا اخلاق احمد موجود تھے۔
